سیاہ (کڑک)چائے

برصغیر پاک و ہند میں چائے کا استعمال ایک معمول بن چکا ہے لیکن بہت کم لوگ اسے صحیح طریقہ پر تیار کرنا جانتے ہیں۔ کالی چائے پکانے کاطریقہ یہ ہے کہ پہلے کسی صاف پتیلی یا کیتلی میں پانی کو جوش دیا جائے اور اس کھولتے ہوئے پانی میں سے تھوڑا سا پانی چائے دانی میں ڈال کر اسے گرم کر لیا جائے۔ پھر چائے دانی میں سے گرم پانی نکال کر اچھی چائے کی پتّی چمچے سے کچھ کم اور عام چائے پورا چمچہ بھر کر فی پیالی کے حساب سے چائے دانی میں ڈال کر اس میں کھولتا ہوا پانی ڈال دیجیے اور چائے دانی کو ٹی کوزی یعنی ٹوپ یاکسی صاف تولیہ سے ڈھک دیجیے۔ پانچ منٹ کے بعد چمچے میں تھوڑی سی چینی لے کر اسے اس چائے میں شامل کر کے چلا دیجیے۔ اس طرح چائے کا رنگ نہایت خوشنما اور تیز ہو جاتا ہے۔ دو منٹ کے بعد اس چائے کو پیا جائے نہایت لذیذ ہو گی لیکن شرط یہ ہے کہ اس میں جوش کیا ہوا گرم اور خالص دودھ شامل کیا جائے۔ پانی ملا ہوا دودھ چائے کو بدمزہ بنا دیتا ہے۔ چائے اور اس کے دودھ کے لیے علیحدہ برتن ہونے چاہئیں۔ ترکاریاں پکانے کے برتنوں میں پکی ہوئی چائے خراب ہو جاتی ہے۔ لہسن وغیرہ کی بوپیالیوں میں رہ جانے والے ٹھنڈے پانی کے قطرے اور بہت کاڑھا ہوا دودھ بھی کالی چائے کی لذت کو بدمزہ کر دیتا ہے۔